ملت اسلامیہ عظیم فلسفی شاعر علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے:فرخ حبیب


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ تمام اہل وطن اور ملت اسلامیہ مفکر اسلام اور عظیم فلسفی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کوبھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، 9 نومبر کا دن ہمیں اقبال کی تعلیمات کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی سوچنا چاہیئے کہ انہوں نے جو کامیابی کی راہ ہمیں دکھائی اس پر ہم نے کتنا عمل کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 144 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہم نے عہد کرنا ہے کہ علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ہم پہلے سے بھی زیادہ اور سخت محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے پیغام اور فلسفے کو سمجھنے کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔ وزیرمملکت نے کہا کہ ڈاکٹرعلامہ اقبال کو برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا تصور پیش کرنے پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ علامہ اقبال کے فرمودات سے ہمیں اسلام کا حقیقی پیغام سمجھنے میں مدد ملتی ہے، انہوں نے مسلمانوں کی حقیقی شناخت کیلئے انہیں خواب غفلت سے بیدار کرنے کی کاوش کی، اسی وجہ سے ہم آج ایک آزاد ملک میں سکون کا سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ،آزادی کے لئے دی گئی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک ایسے وقت میں راستہ دکھایا جب وہ منزل کا نشان کھو چکے تھے، علامہ کے افکار اور سوچ نے امید کا ایسا چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔ فرخ حبیب نے کہا کہ علامہ اقبال کا شہرہ آفاق کلام دنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے،انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس کے اتحاد ،اتفاق اور عمل کی تلقین کی، فرخ حبیب نے کہا کہ اقبال کے نزدیک خودی کے اثبات، پرورش اور استحکام ہی سے اسے غیر فانی بنایا جا سکتا ہے، خودی اپنی پختگی ہی سے حیات جاوداں حاصل کر سکتی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ علامہ نے اپنے کلام میں ایک صاحبِ کردار مسلمان کو شاہین سے تشبیہ دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن