نئی دہلی (اے پی پی) چین نے بھارت کو اروناچل پردیش میں ممکنہ فوجی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ جس کے بعد بھارتی فوج کو ہائی الرٹ پررکھا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چین کی طرف سے جارحانہ سوشل میڈیا مہم پینٹاگون کی ایک حالیہ رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے۔ جس میں دعوی کیا گیا چین نے اروناچل پردیش کے متنازعہ علاقے میں100 گھروں پر مشتمل ایک گاؤں تعمیر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مختلف ہینڈل سامنے آئے ہیں۔ جوبھارتی سرحد پر چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے فوجیوں کی ویڈیوز اور تصاویر جاری کر رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک تصویر میں بھارتی فوجی چینی فوج کے سامنے کان پکڑے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور بظاہر اس کامقصد یہ دکھانا ہے کہ بھارت نے لداخ خطے میں چین کے سامنے سر تسلیم خم کیا ہے۔ اکنامک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر بھارتی سرحد پر تعینات پی ایل اے کے فوجیوں کی تصاویر اور معلومات سے بھرا ہوا ہے۔ بھارت نے حال ہی میں اس سلسلے میں لداخ اور اروناچل پردیش دونوں سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ رپورٹ کے بعد ایک ٹوئٹر پوسٹ میں دعوی کیا چینی فوج نے ڈونگ ژانگ آبشار پر کنٹرول حاصل کرنے کے ارادے سے اروناچل پردیش میں توانگ سرحد کی طرف پیش قدمی کی ہے۔