برمنگھم (عارف چودھری+ نوائے وقت رپورٹ) امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر شخصیت، پاکستانی طالبہ اور سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں۔ ملالہ یوسفزئی نے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں اور کہا کہ آج میری زندگی کا ایک قیمتی دن ہے، عصر اور میں جیون ساتھی بن گئے ہیں۔ ملالہ نے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ نکاح کی تقریب برمنگھم میں ان کے گھر پر ہی ہوئی جس میں دونوں کے خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ ملالہ یوسفزئی نے مزید لکھا کہ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، ہم زندگی کا سفر مل کر طے کرنے کیلئے کافی پرجوش ہیں۔ ملالہ یوسفزئی کے شوہر عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہیں، عصر ملک کا پی سی بی میں جنرل مینیجر آپریشنز کا عہدہ ہے۔ ملالہ یوسفزئی کے شوہر پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے ساتھ بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔ عصر ملک نے لاہور میں واقع لمز یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔