لاہور/ گوجرانوالہ/ فیصل آباد/ ساہیوال/ سرگودھا/ بہاولپور/ ملتان (این این آئی+ علاقائی نمائندوں سے) پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے سالانہ امتحان جماعت نہم 2021ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ رزلٹ کووڈ 19 پالیسی کے تحت مرتب کیا گیا جس میں غیر حاضر کے سوا تمام امیدواروں کو پاس کر دیا گیا۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق لاہور تعلیمی بورڈ نے نویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا۔ کامیابی کا تناسب 99 اعشاریہ 35 فیصد رہا۔ دو لاکھ 57 ہزار 397 بچوں نے امتحانات میں شرکت کی۔ 2 لاکھ 55 ہزار 7 سو 29 بچے پاس ہوئے۔ امتحانات کے نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ کرونا پالیسی کے تحت امتحانات منعقد کیے گئے تھے، تمام بچوں کو پاس ،جبکہ غیر حاضر بچوں کو فیل کر دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ بورڈ کے زیر اہتمام امتحان نہم سالانہ 2021ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا مجموعی طور پر 229957 امیدواران شامل ہوئے جن میں سے 228509 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کی شرح تناسب 99.37 فیصد رہی۔ ساہیوال سے نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال نے کلاس نہم کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس میں 76202 ططلبہ و طالبات نے شرکت اور 75813 امیدوار کامیاب ہوئے اسی طرح کامیابی کا تناسب 99.49 فیصد رہا۔ کلاس نہم کے امتحان میں 63 سپیشل بچوں نے بھی شرکت کی اور وہ تمام کامیاب ہو گئے ہیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کلاس نہم سالانہ 2021ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا امتحان میں 168335 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 167542 پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 99.53 فیصد رہا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق تعلیمی بورڈ بہاولپور کے زیر اہتمام امتحان نہم 2021ء میں 92805 امیدواران نے شرکت کی جبکہ 92262 امیدواران نے کامیابی حاصل کی اس طرح مجموعی نتیجہ کا تناسب 99.41 فیصد رہا ۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ سرگودہا کے زیر اہتمام امتخانات میٹرک پارٹ ون (جماعت نہم) میں 94204 امیدوار طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ جن کے نتائج میں 93784امیدوار طلباء و طالبات نے 33 فیصد سے زائد نمبر حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جن کی کامیابی کا شرح تناسب 99.55فیصد رہا۔ ملتان ڈیرہ غازیخان سے خصوصی رپورٹر‘ بیورو رپورٹ کے مطابق ملتان تعلیمی بورڈ میں کامیابی کی شرح 98.93 فیصد رہی۔ ڈیرہ غازی خان سے نیوز رپورٹر کے مطابق تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان میں کامیابی کا تناسب 99.43 فیصد رہا۔