انگلینڈ آئندہ سال پاکستان میں 2اضافی ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر راضی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس پاکستان کا دورہ کرنے اور 2 اضافی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی بھی حامی بھرلی۔ چیئرمین ای سی بی ٹام ہیئر سن و دیگر نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات سے متعلق پی سی بی نے بتایا کہ انگلینڈ نے اگلے سال 2 اضافی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی حامی بھرلی ہے۔آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گی۔علاوہ ازیں آئندہ برس بھارت میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آئے گی۔ملاقات کے دوران چیف ایگزیکٹو ای سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے شاندار تعلقات چاہتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا دو اضافی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا خوش آئند ہے، شائقین کرکٹ کیلئے بہترین خبر ہے۔ہمیں اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو اکٹھے ہوکر چلنا ہے تمام بورڈز کیلئے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کو سمجھ کر چلیں۔ ای سی بی کو شاید اندازہ ہوا ہے کہ دورہ منسوخ کرکے اس نے ناانصافی کی، ای سی بی نے یہاں آکر معاملات کو بہتر کیا جو بڑے پن کا مظاہرہ ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن