اسلام آباد (خبر نگار+ خصوصی نامہ نگار) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 400 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 11 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 277 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0اعشاریہ 94 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں وائرس سے اب تک 28 ہزار 558 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 77 ہزار 560 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں وائرس کے 22 ہزار 845 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 206 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 26 ہزار 157 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں وائرس کے مزید 42 ہزار 373 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کل 2 کروڑ 11 لاکھ 85 ہزار 396 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 لاکھ 66 ہزار 879 افراد کو وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 11 کروڑ 19 لاکھ 67 ہزار 455 ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 4 کروڑ 44 لاکھ 31 ہزار 71 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں میڈیا کے کردار سمیت ٹیلی کام کمپنیوں، علمائے کرام اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے معاون کردار کو سراہا گیا۔ اجلاس میں ملک میں جاری ویکسین مہم کا جائزہ لینے سمیت ویکسین کی دستیابی اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں این سی او سی نے ایس او پیز پر عمل درآمد پر اطمینان کا اظہار کیا اور فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ این سی او سی نے کہا کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیک اور نرسنگ سٹاف دوسروں کی جان بچانے کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، لوگوں کے ایس او اپیز پر عمل درآمد سے انفرادی اور اجتماعی حفاظت یقینی بنانے میں مدد ملی۔ دریں اثناء برطانیہ نے سائنوویک، سائنوفارم اورکوویکسن کو کرونا ویکسی نیشن لسٹ میں شامل کرلیا ۔ برطا نوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے برطانیہ جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کو خوش خبری سنا دی۔ جس کے بعد ان ویکسینز کی خوراک لگوانے والے شہری اب برطانیہ جاسکیں گے۔ برطانوی ہائی کمشنر کے مطابق فیصلے کا اطلاق 22 نومبر سے ہوگا۔