حکومت نے عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ نچوڑنے کا تہیہ کر رکھا: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اضافے سے صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ بڑھا رہی ہے۔ اس اضافے سے صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا۔ حکومت اب تک بجلی کے نرخوں میں 52 فیصد سے زائد اضافہ کر چکی ہے۔ ابھی چند دن قبل ہی بجلی کے بنیادی ٹیرف میں بھی 1 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔ اس حکومت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ کر چھوڑے گی۔ اس حکومت کی بے حسی بھی بے مثال ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مہنگائی 6 ماہ میں کم ہو گی لیکن ان پالیسیوں کے ساتھ تو اگلے 6 سال بھی مہنگائی میں کمی نظر نہیں آتی۔ بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کے باوجود گردشی قرضہ ریکارڈ 2 ہزار 3 سو ارب سے زائد ہونا سراسر نااہلی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن