لاہور/ اسلام باد (نیوز رپورٹر+ نیوز رپورٹر+ خبر نگار خصوصی) شاعر مشرق سر ڈاکٹر علامہ اقبال کا 144واں یوم ولادت 9نومبر منگل کو منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے جہانیاں سمیت ملک بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں جس سے خطاب کے دوران مقررین نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صوبائی دارالحکومت میں بھی سرکاری اور نجی سطح پر تقریبات بھی منعقد کی گئیں اور اس سلسلے میں اخبارات نے خصوصی ایڈیشن شائع کیے جبکہ قومی و نجی ٹی وی چینلز سے خصوصی پروگرام نشر کیے گئے۔ دریں اثناء ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ پاک فوج کے میجر جنرل شہباز خان نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ پاک بحریہ کے سٹیشن کمانڈر کموڈور عامر اقبال اور حکومت پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ دریں اثناء کموڈور عامر اقبال خان نے پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے گارڈز کا معائنہ کیا۔ گارڈز کی تعیناتی کے بعد قومی شاعر کے مزار پر امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے سٹیشن کمانڈر (نیوی) نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔