لاہور(سپورٹس ڈیسک )سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور سنیل گواسکر ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر برس پڑے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کپتان کپل دیو نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی ہار سے کرکٹ ختم نہیں ہوگئی،آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان فاصلہ رکھنا ہوگا تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔ جب کھلاڑی آئی پی ایل کو ورلڈ کپ پر ترجیح دیں گے تو پھر ہم کیا کہہ سکتے ہیں، ہر کھلاڑی کو پہلے ملک سے کھیلنے کو ترجیح دینی چاہیے۔بی سی سی آئی کو بھی مستقبل میں آئی سی سی ایونٹ سے قبل پلاننگ کرنی ہوگی، ہمیں ہار سے سیکھنا ہوگا کہ جو غلطیاں ہوئی ہیں انہیں دوبارہ نہ دہرایا جائے۔ میں کھلاڑیوں کے مالی معاملات نہیں جانتا اس لیے اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا۔ سنیل گواسکر نے کہا کہ موجودہ بھارتی ٹیم کسی بھی اچھی ٹیم کے خلاف سکور نہیں کرسکتی۔ ایک ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں کرنا درست نہیں ہے کیونکہ ایسا نہیں ہے کہ بھارت اپنے تمام میچ ہار گیا بلکہ دو میچوں میں بلے باز وہ نہیں کرسکے جس کی ان سے توقع کی جارہی تھی اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ایسی حالت میں ہے۔ بھارت کے پاس ایسے کھلاڑی ہونے چاہئیں جو فیلڈنگ میں غیرمعمولی ہوں، نیوزی لینڈ نے جس طرح فیلڈنگ کی، رنز بچائے، کیچز لیے، وہ سب سے اچھا تھا۔ اگر آپ بھارتی ٹیم کو دیکھیں، سوائے 3 سے 4 شاندار فیلڈرز کے کوئی ایسا فیلڈر نہیں جو رنز اور باؤنڈریز روکے۔
ناقص کارکردگی ‘کپل دیو ‘سنیل گواسکر بھارتی ٹیم پر برس پڑے
Nov 10, 2021