کراچی (نیوزرپورٹر)پیپلز پارٹی کراچی ڈویژ ن کے صدر سعید غنی نے ووٹرزلسٹ کے تصدیقی عمل اورنئے ووٹ کے اندارج کے لیے ضلعی تنظیموں کوفوکل پرسن مقررکرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ 2017 کے قانون کے مطابق جو پتہ چاہے عارضی ہو یا مستقل ان پر ہی ووٹر لسٹ میں ایک پتہ پر ہی ووٹ کا اندراج ہوسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیپلزپارٹی کراچی ڈویڑن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویڑن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، نائب صدر مرزا مقبول، نجمی عالم، سردار خان، ذوالفقار قائمخانی، آصف خان، عابد ستی، شکیل چوہدری، شاہینہ شیر علی، تمام ڈسٹرکٹ کے صدور، جنرل سیکٹریری و انفارمیشن سیکریٹری، پیپلز اسٹوڈنس فیڈریشن، پیپلز یوتھ، پیپلز لیبر، پیپلز وکلائ فورم، کشمیر کمیٹی کے صدور و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس میں ووٹرز لسٹوں، مردم شماری اور 30 نومبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں سمیت دیگر پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔صوبائی وزیرسعید غنی نے کہاکہ ووٹرلسٹوں میں نام کے اندراج اورگھرگھرووٹرز کی تصدیق کے لیے جاری عمل کے لیے تمام ڈسٹرکٹ کے صدر اپنا ایک فوکل پرسن مقررکریں جو سٹی اور یوسی کی سطح پر رپورٹ مرتب کرکے روزانہ کی بنیاد پر صدر کے حوالے کرے۔تمام ڈسٹرکٹ کے عہدیداروں پر لازمی ہے کہ وہ مردم شماری اور ووٹرز لسٹ میں اپنے ڈسٹرکٹ کے رہائشی افراد کے اندراج کے لئے مکمل طور پر متعلقہ افسران کے ساتھ مل کر کام کریں اورجن جن گھروں میں پچھلی ووٹرز لسٹ میں اندراج کے وقت 18 سال سے کم عمر افراد کے نام شامل نہیں ہوئے تھے اور اب وہ 18 سال کے ہوگئے ہیں تو ان کے ناموں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔ سعید غنی نے ہدایت کی کہ تمام ڈسٹرکٹ کے عہدیدار روزانہ کی بنیاد پر سٹی اور یوسی کی سطح پر اس حوالے سے رپورٹ طلب کریں اوراس بات کی بھرپور کوشش کرنا ہوگی کہ مردم شماری اور ووٹرز لسٹوں میں تمام 18 سال سے زائد عمر والوں کے نام کا اندراج ہو۔انہوں نے کہاکہ نادرا کے اعلٰی حکام سے بات کرکے جہاں جہاں ایڈریس کا ایشیو سامنے آرہا ہے وہاں اس مسئلہ کوحل کیا جائے گا۔
سعید غنی