لاہور (نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اقبال کی تعلیمات کو نصاب کا باقاعدہ حصہ بنا کر تصور اقبال کو فروغ دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اورمحکمہ آرکیالوجی اینڈٹورازم پنجاب کے اشتراک سے یوم اقبال کی مناسبت سے جاوید منزل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فلسفہ اقبال کے مطابق اپنی راہوں کا تعین کرنا ہوگا اور اسی سے ملک کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنایا جا سکے گا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اقبال کے فلسفہ خودی کے مطابق نوجوان نسل کو صحیح سمت میں گامزن کریں۔ چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ علامہ اقبال حق گوئی کے بہت قائل تھے اور قوموں کی ترقی کیلئے اسے اہم سمجھتے تھے۔ اقبال نے لیڈر شپ کے حوالے سے معیارات مقرر کیے اور قائد اعظم کو برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کی دعوت دی۔ فرزند اقبال کے صاحبزادے منیب اقبال نے کہا کہ قیام پاکستان میں اقبال کی جانب سے ذہنی انقلاب برپا کرنے سے ہی قائد اعظم محمد علی جناح نے اس ملک کو آزادی دلوائی۔ اقبال کے فلسفہ خودی میں دراصل نوجوان نسل کی بیداری ہے ۔تقریب میں عفیف اشرف صدیقی ،پروفیسر وسیم انور ،محمد عبداللہ، پروفیسر ریاض الحق سمیت اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔
نوجوانوں کو فلسفہ اقبال راہوں کا تعین کرکے ملک کامستقبل روشن بنانا ہو گا: محمود الرشید
Nov 10, 2022