لاہور(نامہ نگار) سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ٹریفک افسران و اہلکاران کے پہلے دربار سے خطاب کیا۔الحمرءہال مےں منعقد دربار میں ایس پی ٹریفک آصف صدیق، ایس پی شہزاد خان، ڈی ایس پی اشفاق احمد سمیت تمام ٹریفک سرکل افسران، سیکٹر انچارجز اور وارڈنز نے شرکت کی۔انہوںنے اپنی ترجیحات کے حوالے افسران کو واضح پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن، مس کنڈکٹ اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں۔ آج سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے، تجاوزات، غلط پارکنگ اور غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز قطعی برداشت نہیں ہوگی۔ لاہور میں قانون شکنی کی کوئی گنجائش نہیں، غیر حاضری، بدتمیزی اور فرائض میں عدم دلچسپی کسی صورت برداشت نہیں۔ خوش اخلاقی سے پیش آنا، ہمارا اولین فرض ہے۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کروانا حادثات کا سبب بنتا ہے، وارڈنز ایمانداری اور محنت سے کام جاری رکھیں۔ٹریفک پولیس لاہور پولیس کا چہرہ ہے۔وارڈنز پولیس کے سفیر ہیں، خوش اخلاقی اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ سی ٹی او لاہور نے سرویلنس سسٹم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی کمیروں کی مدد سے بھی وارڈنز کی سپرویژن کی جائے گی۔ٹیم ورک سے ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہوگا جبکہ ٹریفک قوانین پر سو فیصد عمل درآمد کروایا جائے گا۔