اسلام آباد(نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے یوم اقبال کی مناسبت سے بدھ کے روز”فلسفہ اقبال کی عصری معنویت“ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا جس میں خانوادہ اقبال کے فرزند سینیٹر ولید اقبال نے یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔سینیٹر ولید اقبال نے علامہ اقبال کی تصانیف میں امید اور مستقبل کے پیغام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق نے ایسی سیاسی اور معاشی آزادی کا مطالبہ کیا کہ قوم کسی پر انحصار نہ کرے بلکہ قوم کے نوجوانوں کی زندگی ایسی ہونی چاہیے جیسے ایک شاہین اس عارضی دنیا کی پرواہ کیے بغیر باوقار زندگی گزارتا ہے۔سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ نوجوان اقبال کے نقطہ نظر کے جوہر کی ترجمانی کریں، سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ اقبال نے جس دور میں امید اور جدوجہد کے بارے میں لکھا تھا وہ دور اس سے بھی بدتر تھا جس کا ہم سامنا کر رہے ہیں لیکن وہ امید کو اپنانے کے لیے ایک مینارہ ثابت ہوے اور مسلمانوں کی میراث کو زندہ کرنے کی جدوجہد کی، ایک عظیم شاعر اور عظیم فلسفی کے خاندان کا فرد ہونا ہمیشہ اعزاز کی بات ہے، اقبال مسلمانوں کے تشخص کے بہت بڑے حامی تھے ،سمینار میں نائب صدور ڈاکٹر این بی جمانی، ڈاکٹر احمد شجاع سید، ڈاکٹر ایاز افسر اور ڈاکٹر ثمینہ ملک موجود تھے، قبل ازیں ڈاکٹر نجیبہ عارف نے ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے پیغام پر گفتگو کی۔