کبیروالا(نمائندہ نوائے وقت) وفاقی حکومت‘عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہیں، سابق وزیر اعظم عمران نیازی نے اپنے 4سالہ دور میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے سیاسی مخالفین کو کچلنے پر توجہ دی،جس کا خمیازہ آج ملک وقوم کو معیشت کی ابتر صورتحال اور مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے،وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر عام آدمی کی مالی مشکلات کے پیش نظریوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کو مناسب اور کم قیمتوں پر فراہم کرنا خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم حنیف نے زونل منیجر محمد طاہر تگہ اورریجنل منیجر خانیوال سیدمحمد مرتضی شاہ،فوکل پرسن چوہدری ضیاء الحق انجم دیگرافسران کے ہمراہ بستی چن شاہ میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن خانیوال کی جانب سے نئے قائم کئے گئے ”یوٹیلٹی سٹور منی مارکیٹ“ کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔