اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے چین کی جانب سے ہیپاٹائٹس اے ویکسین کی ایک لاکھ خوراکوں کے عطیہ پر حکومت، عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین مضبوط، حقیقی اور پائیدار تعلقات کے ساتھ رواں دواں ہیں۔ پاکستان کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے وزارت نیشنل ہیلتھ سروس ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام کے شکرگذارہیں اور خوشی ہوئی کہ پاک چین دوستی نے ایک اور سنگ میل عبورکیا ہے۔