اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے ڈی سیٹ ہونے والے ارکان کی اپیلوں کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ڈی سیٹ ہونے والوں کی جگہ منتخب ہونے والے ارکان کو بھی فریق بنایا جائے۔ دوسری طرف سپریم کورٹ میں منحرف ارکان نے اپیلوں پر دلائل کیلئے وکیل تبدیل کر لیا۔ تحریک انصاف کے منحرف اراکین نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر منحرف ارکان نے ایڈووکیٹ عمر اسلم کو وکیل کر لیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی طرف سے ایڈووکیٹ عمر اسلم کا خیر مقدم کیا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد نئے ارکان منتخب ہو چکے ہیں، جس پر ایڈووکیٹ عمر اسلم نے کہا مجھے رات کو ہی وکیل مقرر کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے نئے مقرر ہونے والے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو تیاری کیلئے وقت دے دیتے ہیں، اس معاملہ میں بڑے دلچسپ سوال کا جائزہ لینا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ نئے منتخب ہونے والے ارکان کو بھی پارٹی بنائیں، جبکہ عدالت نے منحرف رکن محسن عطا خان کھوسہ کو اپیل واپس لینے کی اجازت دے دی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ جبکہ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
پی ٹی آئی منحرفین کی درخوستیں،ڈی سیٹ ہونے والوں کی جگہ منتخب ارکان کو بھی فریق بنائیں:چیف جسٹس
Nov 10, 2022