سری نگر ، نئی دہلی (کے پی آئی) بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ عابد احمد شیخ کو عسکریت پسند قرار دے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔نوجوان کو بھارتی فوج ، پولیس اورپیراملٹری فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے ضلع کے علاقے لرو اونتی پورہ میں ایک ناکے پر گرفتارکیا۔ گرفتارنوجوان کی شناخت عابد احمد شیخ کے طورپر ہوئی ہے جو ستپوکھرین کا رہائشی ہے ۔ پولیس نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کے لئے اس پر مجاہدین کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا ہے۔ بھارتی پولیس نے گزشتہ روز ضلع بانڈی پورہ کے علاقے کہنوسہ میں بھی دونوجوانوں کو گرفتارکیاتھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے واضح کیا ہے کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے جد وجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی جد وجہد میں کامیاب ہونگے اور ریاست جموںو کشمیر کا الحاق مملکت خداداد پاکستان سے ہوگا۔کل جماعتی حریت کانفرنس ے رہنماوں نے نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو انکے یوم ولادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں محمد خان سوپوری،ڈاکٹر معصب اورجموں وکشمیر مسلم لیگ نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہاہے کہ علامہ اقبال نے ڈوگرہ سامراج کے خلاف کشمیری مسلمانوں کی جدو جہد کی ہمیشہ بھر پور حمایت کی اور اپنی شاعری کے ذریعے کشمیریوں میںجذبہ آزادی کی روح پھونکی۔انہوں نے کہاکہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جس وطن کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا ،ریاست جموں و کشمیر اس کا لازمی حصہ تھی۔بھارتی حکومت عسکریت پسندی کا جواز بنا کر مقبوضہ کشمیر میں مسلح فورسز کی تعداد میں مزید اضافہ کر رہی ہے ۔ بھارتی وزارت داخلہ نے مقبوضہ کشمیر میں انڈین ریزرو پولیس کے لیے پانچ نئی بٹالینز، سرحدی فورسز کی دو نئی بٹالینز اور جموں وکشمیر پولیس کی دو خواتین بٹالینز قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔بھارتی وزارت داخلہ کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر حکومت کی مدد کے لیے، مرکز ی سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) دستیاب ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال گزشتہ کے دوران، سیکورٹی سے متعلقہ اخراجات(پولیس) کے تحت جموں و کشمیر حکومت کو936.095 کروڑ روپے کی رقم دی گئی ہے ۔ جموں وکشمیر میںعسکریت پسندی پر قابو پانے کیلئے کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں سرحدی انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنابین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن کے ساتھ ملٹی ٹائرڈ تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ، سیکورٹی فورسز کے لیے ہتھیار اور سازوسامان، آئی بی پر فلڈ لائٹس کی تنصیب اور انٹیلی جنس کے بہائو کو ہم آہنگ کرنا جیسے اقدامات شامل ہیں۔
بھارت غیر قانونی قبضے والا کشمیر:کارروائیاں جاری،مزید ایک نوجوان گرفتار،مجاہدین کیلئے کام کرنے کا الزام
Nov 10, 2022