ڈاکے‘  چوریاں‘ فیروزوالا نوجوان قتل‘ ہربنس پورہ میں ڈاکو کی دھلائی

Nov 10, 2022


لاہور‘ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی‘ طلائی زیورات‘ موبائل فون‘ گاڑیاں‘ موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ہربنس پورہ روڈ پر جنرل سٹور میں 3 ڈاکوئوں نے گھس کر 6 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی اور فرار ہوگئے۔ ڈاکوئوں نے شادمان میں مختار کے گھر گھس کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنال کر ساڑھے 5 لاکھ روپے‘ ساندہ میں سروش کی فیملی کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ روپے‘ باباٹور میں راشد کی فیملی سے 4 لاکھ 28 ہزار روپے‘ جوہر ٹائون میں زبیر کی فیملی سے 3 لاکھ 69 ہزار روپے‘ شالیمار میں تنویر کے گھر سے 3 لاکھ روپے‘ غازی آباد میں مراتب کی فیملی سے 2 لاکھ 18 ہزار روپے جبکہ شفیق آباد میں علی کی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ روپے‘ طلائی زیورات‘ موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے راہزنی کی 7 وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے اور موبائل فون لوٹ لئے۔ چوروں نے ٹائون شپ اور کینٹ سے 2 کاریں‘ سندر اور بادامی باغ سے 2 رکشے جبکہ ٹبی سٹی‘ مصری شاہ‘ مزنگ‘ جوہر ٹائون‘ مصری شاہ اور نصیرآباد سے 6 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ تھانہ فیروزوالا کے علاقہ ونڈالہ دیال شاہ کے قریب ڈاکوئوں نے مزاحمت پر ایک نوجوان علی احمد کو گولی مار کر قتل جبکہ اس کے والد عبدالرشید کو شدید زخمی کر دیا۔ دونوں باپ بیٹا کام سے گھر جا رہے تھے کہ راستہ میں ڈاکوئوں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی۔ سٹی مریدکے پیری منڈی بازار مریدکے میں ملزموں نے فائرنگ کر دی جس سے علی رضا شدید زخمی ہو گیا۔ ہائوسنگ کالونی کے قریب دو ڈاکو محمد علی سے نقدی موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ سٹی مریدکے میں دو ڈاکو اشفاق احمد سے نقدی‘ موبائل چھین کر لے گئے۔ مین بازار میں اسد علی سے نقدی‘ موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ کوٹ وار میں  ڈاکو اسامہ سے اس کی موٹر سائیکل‘ نقدی‘ موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ آرائیانوالہ میں دو ڈاکو احمد سے نقدی اور موبائل فون چھین کر لے گئے۔ لنڈا بازار میں دو ڈاکو عثمان کی دکان سے ہزاروں روپے اور موبائل فون چھین کر لے گئے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ ہربنس  پورہ کے علاقے میں شہریوں  نے ڈکیتی کی واردات کیلئے آنے والے ایک ڈاکو کو پکڑ کر دھلائی کی جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے ہیں۔ ملزم وقاص کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے شہری جاوید سلطان کی مدعیت میں ملزمان وقاص‘ شاہد اور منان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مزیدخبریں