اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ملک اور قوم کی بہتری کیلئے اپنی سیاست کو دائو پر لگانے سے بھی گریز نہیں کیا۔ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہم کسی گروہ یا جتھے کو ملکی سلامتی کو دائو پر نہیں لگانے دینگے۔ سعودی وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا اسی ماہ دورہ پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس دورہ میںنہ صرف پاکستان میں اربوں ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری بلکہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کیلئے ہر ممکن سہولیات کے حصول کیلئے بھی بات چیت ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے مفادات کا تحفظ کیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی جلد جعلی انقلابی لیڈر کی حقیقت جان جائیں گے، عمران اور ان کی پارٹی کو میرے حکیمانہ نسخوں سے ضرور افاقہ ہوگا۔ وہ مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے سیکرٹری جنرل ملک منظور اعوان کی سربراہی میں ن لیگ سعودی عرب کے وفد سے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات میں بات چیت کررہے تھے، وفد میں سرپرست اعلیٰ مسلم لیگ (ن) سعودی عرب رانا محمد اشرف ، جنرل سیکرٹری (ن) لیگ میں عبدالخالق لک، کاشف نواز رندھاوا، ناظم اعلیٰ سیاسی امور جمعیت اہلحدیث کے علاوہ (ن) لیگی رہنما حیات محمد خان، ناصر بٹ، رانا عبدلواحد اور شاہان خان شامل تھے۔ وفد نے رانا ثناء اللہ کو سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش بعض اہم نوعیت کے مسائل اور پاکستان میں تحریک انصاف کی طرف سے شاہرائوں کی بندش اور ملک میں بد امنی پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ منظور اعوان نے رانا ثناء اللہ کو بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی چھ ماہ سے ملک میں ایک سیاسی جماعت کی طرف سے مسلسل غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات سے جو حالات پیدا ہوئے ہیں اس کی وجہ سے شدید اضطراب سے دو چار ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ اس پر سعودی وزارت داخلہ کے ذمہ دار حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، ریاض میں پاکستانی سفیر اور جدہ میں قونصل جنرل کو بھی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ معمولی جرائم میں گرفتار پاکستانیوں کی جلد رہائی کے لئے بھرپور اقدامات کریں۔