واشنگٹن (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے ایک بار پھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں، تمام فریقین سے کہتے ہیں تشدد، ہراسانی اور دھمکیوں سے احتراز کریں۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کو جمہوری اور پرامن دیکھنے کا عزم رکھتا ہے، ہم پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، گزشتہ چند روز میں پاکستان میں جو ہوا اس پر تشویش ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عالمی حقوق جیسے اظہار رائے اور احتجاج کی آزادی کو ملحوظ رکھنا چاہیے، آزادی صحافت اور رائے پر تمام ممالک کے ساتھ خدشات اٹھاتے رہتے ہیں، پاکستانی حکام کے ساتھ بھی اس آزادی صحافت سے متعلق بات کرتے رہیں گے، آزادانہ صحافت کسی بھی قوم اور جمہوری مستقبل کے لیے اہم ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ روس اور بھارت کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ دو دہائیوں میں بھارت امریکا تعلقات آگے بڑھے جن میں اقتصادی و سکیورٹی تعلقات شامل ہیں، بھارت کہہ چکا ہے کہ وہ یوکرائن جنگ اور خون ریزی کے خلاف ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ضروری ہے کہ روس کو یہ پیغام عالمی دنیا خصوصاً بھارت جیسے ممالک سے ملے۔ بھارت کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات مزید گہرے کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ بھارتی تجارت کو جان بوجھ کر استثنا دیا گیا ہے، توانائی کے لیے بھارتی ضروریات کو سمجھ سکتے ہیں۔
پاکستان میں جو ہو ا با عث تشویش، سیا ست میں تشدد کی جگہ نہیں ، فریقین دھمکیوں سے گریز کریں : امریکہ
Nov 10, 2022