واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک‘ این این آئی) امریکہ میں ایوان نمائندگان کی تمام اور سینٹ کی 35 نشستوں پر وسط مدتی الیکشن ہوئے۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے‘ ابتدائی نتائج آ گئے۔ تاہم کچھ حلقوں کے نتائج بھی سامنے آئے ہیں جن میں کئی پاکستانی نژاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ابتدائی نتائج میں ٹیکساس سے پاکستانی نژاد امریکی سلمان بھوجانی ریاستی اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے۔ اسی طرح ٹیکساس میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر سلمان لالانی کی جیت کا امکان روشن ہے۔ علی سجاد مسلسل تیسری بار بھی آرٹیشیا شہر کے میئر منتخب ہو گئے۔ ادھر کیلیفورنیا کے ڈسٹرکٹ فورٹی میں پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈاکٹر آصف محمود کا ری پبلیکنز کے کانگریس یونگ کے ساتھ کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر آصف محمود کے پہلے مسلمان سینیٹر کے طورپر کامیابی کے امکانات بھی روشن ہیں۔ ان کا تعلق کھاریاں سے ہے۔ علاوہ ازیں علی سجاد نے آرٹیشیا شہر کا میئر منتخب ہونے کی ہیٹ ٹرک کر لی۔ انہیں مسلسل تیسری بار فتح ملی۔ ایوان نمائندگان کی تمام 435‘ سینٹ 35 نشستوں‘ 36 ریاستوں کے گورنروں‘ ریاستی اسمبلیوں اور مقامی سطح پر عوامی نمائندوں کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی۔ امیگریشن‘ جرائم‘ اسقاط حمل‘ تعلیم‘ صحت کے معاملات‘ قوانین میں ترامیم ہو سکتی ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق سینٹ میں ٹرمپ کی پارٹی ریپبلکن اور حکمران ڈیموکریٹس کی 48,48 سیٹیں ہیں۔ ایوان نمائندگان میں ری پبلکن نے 198 اور ڈیموکریٹس پارٹی نے 175 نشستیں جیت لیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے انتخابی نتائج پر سوالات اٹھا دیئے۔ قبل ازیں دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلون مسک نے ٹرمپ کو ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔
ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کی پارٹی کی اکثریت:سینٹ،ڈیموکریٹس کے برابر نشستیں
Nov 10, 2022