بلاول کی مصر‘ فرانس کے وزراء خارجہ سے ملاقاتیں‘ سعودی عرب پہنچ گئے

Nov 10, 2022


اسلام آباد +ریاض(خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے مصر اور فرانس کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دوسری طرف وہ دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شرم الشیخ میں مصری وزیر خارجہ سامح حسن شکری سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مصری وزیر خارجہ  سامح حسن شکری  کو کاپ 27 سربراہی اجلاس کے شاندار انتظامات پر مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ بلا ول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ سامح حسن شکری کو دوستانہ تعلقات کی 75 سالہ تقریبات کے سلسلے میں دوطرفہ سرگرمیوں کا آغاز کرنے کے لیے اگلے سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ بلاول اور فرانس کی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کے درمیان ہو نے والی ملاقات میں وزیرمملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی شر یک تھیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فرانس کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور فرانس کی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ساتھ مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔ ادھر ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 9نومبر سے 10نومبر تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ سعودی، پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل (ایس پی ایس سی سی) کی سیاسی اور سلامتی کے ستون کی مشترکہ ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی شریک صدارت کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورے کے دوران جی سی سی کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے دیامر میں شرپسندوں کے ہاتھوں لڑکیوں کے سکول کو نذر آتش کرنے کی مذمت کی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لڑکیوں کے سکول کو نذر آتش کرنا قائداعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان پر حملہ ہے۔ اس جرم میں ملوث مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔

مزیدخبریں