لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بھی کہا جاتا ہے، نے سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ اور کلمہ چوک انڈر پاس ری ماڈلنگ منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کر دیا ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں کی آسانی کیلئے ٹریفک کی روانی کیلئے متبادل روٹ(ڈائیورڑن ایڈوائزری) بھی جاری کر دی ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل پی سی بی ڈی ڈی اے ریاض حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلمہ چوک کے موجودو انڈرپاس سے مزید 2 بیرلز نکالی جائیں گی۔ ایک بیرل سی بی ڈی پنجاب تک رسائی دے گی اور دوسری بیرل علی زیب روڈ تک سگنل فری رسائی فراہم کرے گی۔ منصوبے کی تعمیر میں تقریباً 2000پائیل بیمز کا استعمال کیا جائے گا۔ رگ مشین کی مد د سے منصوبے کی بنیادوں کی مضبوطی کیلئے 70 فٹ تک کھدائی کی جا رہی ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس کی مشاورت سے اتھارٹی نے ٹریفک ڈائیورژن ایڈوائزری بھی جاری کی ہے اور شہر بھر میں ڈائیورژن سائنز بھی لگا دئیے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ایک ماہ کی مدت کیلئے کلمہ چوک انڈرپاس ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا۔ تعمیراتی کام کے ابتدائی مرحلے میں 2 ہفتے کیلئے سینٹ میری پارک سے سینٹر پوائنٹ تک شا ہرا ہ کسی بھی قسم کی آمدورفت کیلئے بند رہی گی۔ فیروز پور روڈ سے آنے والی اور سینٹر پوائنٹ کی طرف جانے والی ٹریفک کو کلمہ چوک انڈر پاس سے سینٹر پوائنٹ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ اتھارٹی نے منصوبہ بنایا ہے کہ وہ تعمیراتی کام میں پیشرفت کے مطابق ایک مخصوص مدت کیلئے ملحقہ شاہراہوں کو بند کیا جائے گا تا کہ مسافروں کو کسی بھی قسم کی پریشا نی سے دوچار نہ ہونا پڑے۔