لاہور(کامرس روپورٹر)جنوبی پنجاب کی سیاحت کیلئے بڑی خبرآگئی۔ امارات گروپ اور میریئٹ انٹرنیشنل کے مابین پاکستان میں چوتھا اور ملتان میں پہلا ہوٹل تعمیر کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔امارات گروپ نے ڈی ایچ اے ملتان میں کورٹ یارڈ بائے میریئٹ کی تعمیر کیلئے میریئٹ انٹرنیشنل کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیئے۔معاہدے کی تقریب دبئی میں میریٹ انٹرنیشنل کے دفتر میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں چیئرمین امارات گروپ شفیق اکبر، ڈائریکٹر امارات ہاسپیٹیلیٹی فرحان جاوید، چیف کمرشل آفیسر سعد اعوان، میریٹ انٹرنیشنل سے یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کی صدر ستیا آنند، سی او او فِل اینڈریوپولوس، ریجنل وائس پریزیڈنٹ لاجنگ ڈویلپمنٹ مڈل ایسٹ شیڈی ہاش، ڈائریکٹر لاجنگ ڈویلپمنٹ زیاد ابی رعد اور دیگر معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین امارات گروپ شفیق اکبر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے یہ پراجیکٹ ایک اہم سنگِ میل ہے۔ امارات گروپ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ملکی تعمیر و ترقی میں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔فرحان جاوید کا کہنا تھا کہ امارات ہمیشہ سے ملکی ریئل سٹیٹ سیکٹر کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں رہا ہے۔ منصوبہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ستیا آنند کا کہنا تھا کہ میریٹ اور امارات کے اشتراک سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ ملکی سیاحت کیلئے خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا۔ اس سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ تقریب سے خطاب میں شرکاء نے امارات گروپ اور میریٹ انٹرنیشنل کو بین الاقوامی سطح کے اس منصوبے کے آغاز پر مبارکباد دی اور اسے ملکی معیشت کے لیے نہایت خوش آئند قرار دیا۔