پاک فوج نے ہمیشہ ملکی سلامتی کو فوقیت دی ہے: سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری


کوئٹہ (این این آئی) بلو چستان عوامی پارٹی کی مرکزی نائب صدر وسینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کی جانب سے اعلیٰ اداروں اور شخصیات پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا نے اور 22 کروڑ پاکستانی عوام کے جذبات و احساسات کو مجروح کرنے کی کوششوں کاجاری سلسلہ انتہائی قابل مذمت ہے جسے پاکستانی قوم یکسر مسترد کر چکی ہے ۔ اب ان بے سروپا الزامات کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک شخص اقتدار کے حصول اور ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے ہر لائن عبور کر رہا ہے ۔پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے فوج جیسے محب وطن ادارے پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر اپنی سیاست چمکانے کی کوششیں بے سود ہیںیہ سلسلہ ختم ہونا چاہئے جو کسی بھی طرح ملکی مفاد میں نہیں ۔پوری قوم اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فوج کے خلاف کسی بھی بے سروپا اور من گھڑت مہم جوئی کو یکسر مسترد کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ اقتدار سے علیحدگی سے عمران خان اور ان کے ساتھی حواس باختہ ہو گئے ہیں اور اقتدار کے حصول کے لئے ہر قسم کے منفی ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ۔کامونکی میں پیش آنے والے واقعے  کے بعد اعلیٰ شخصیات اور اداروںپر بلا تحقیق بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں جو کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ۔ پی ٹی آئی کی اس نازیبا حرکت سے قوم کے جذبات و احساسات مجروح ہوئے ہیں۔قوم اد ا روں پر حملہ برداشت نہیں کرے گی۔ اس شخص کو ملکی سالمیت کی فکر ہے اور نہ ملکی اداروں کی۔ اس شخص کو صرف اقتدارحاصل کرنے کی فکر ہے۔عمران خان کو اقتدار کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اداروں کی بقاء سے ہی ملک کی بقا ہے اور ہم کسی صورت اداروں پر حملہ برداشت نہیں کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں پاکستانی قوم اور فوج نے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کیاہے اور آئندہ بھی پاکستان کی سلامتی کی جانب میلی نگاہ سے دیکھنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ گروہ کی جانب سے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے نام نہاد مہم چلائی جارہی ہے جس میں شخصیات اور اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ خاص طور پر پاک فوج اس کے اعلیٰ افسران کو سیاست میں گھسیٹنا اور اداروں پر تنقید ملک کی سلامتی و استحکام کے لئے انتہائی خطرناک ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ پاک فوج ہماری سلامتی کی ضامن ، ہماری آن اور شان ہے ۔پاک فوج پاکستانی قوم کے لئے قابل فخر ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے اور ہر محب وطن پاکستانی اس ادارہ کا دل و جان سے احترام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر پاک فوج کی قربانیوں اور شہادتوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جس نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہر اٹھنے والے فتنوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا ہے اورہر اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ۔یہی وہ قابل فخر ادارہ ہے جس کے جوانوں اورافسروں نے اپنے خون کا نذرانہ دے کر پاکستان کی حفاظت کی ہے اور ہمہ وقت پاکستان کی سلامتی اورسالمیت کے لئے چوکس رہتے ہیںاور پاکستانی قوم چین و سکون کی نیند سوتی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاک فوج مثالی نظم و ضبط کا حامل قومی ادارہ ہے اور ادارہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر بھی ہمیشہ سراہا گیا ہے اور پاک فوج کا ملکی اور عالمی امن کے قیام میں اہم کردار رہا ہے ۔پاک فوج نے ہمیشہ ملکی سلامتی کو فوقیت دی ہے اور ملکی استحکام اور سلامتی کے لئے دشمنوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی رہی ہے ۔پیشہ ورانہ صلاحیت ، بہادری و جرات اور عزم و استقلال ہماری بہادر فوج کا طرہ امتیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور فوج کے درمیان دوریاں پیدا کرنے اور ملک میں انتشار پھیلانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا ۔ 

ای پیپر دی نیشن