مانسہرہ (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان اور عامر ڈوگر کو مانسہرہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دونوں سابق ایم این اے مانسہرہ میں پی ٹی آئی تحصیل بفہ پکھل کے صدر رضاءاللہ خان کی رہائش گاہ پر موجود تھے۔ رضاءاللہ خان اور ان کے کزن کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب ابھی تک پولیس یا کسی بھی ادارے نے گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔ رضاءاللہ خان کے کزن نے تھانہ بٹل میں دونوں کے اٹھائے جانے کی اطلاع دی۔ کزن سابق ناظم رضاءاللہ کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس دو درجن اہلکاروں نے دونوں ایم این ایز اور دیگر دو لوگوں کو پکڑا اور اپنے ساتھ لے گئے۔ علاوہ ازیں مانسہرہ پولیس کے مطابق کسی گرفتاری کے بارے میں ہمیں معلوم نہیں ہے۔