غیر قانونی افراد کا ٹھیکہ نہیں اٹھا رکھا، رجسٹرڈ مہاجرین کو بھی واپس بھیجیں گے: وزیراطلاعات بلوچستان

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان حکومت تند و تیز بیانات نہ دے۔ غیر قانونی مقیم مہاجرین کے بعد اب رجسٹرڈ مہاجرین کو بھی افغانستان واپس بھیجیں گے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کو کچلنا جانتے ہیں۔ وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کو افغانستان کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے مراکز کا بھی قلعہ قمع کیا جائے گا۔ ہر ماہ 200 افراد حملوں میں شہید ہو رہے ہیں، ہم نے غیر قانونی مقیم افراد کا ٹھیکا نہیں اٹھا رکھا۔ اس وقت 80 ہزار تارکین وطن پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔ ہر دوسرے روز 800 غیرقانونی مقیم افراد واپس جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بلوچستان میں ایک ہزار تارکین وطن کو حراست میں لے کر واپس بھیجا، ہماری مہم غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف ہے اور ان کے خلاف یہ مہم جاری رہے گی۔ جان اچکزئی نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا ہے۔ سندھ کے تارکین وطن کا آئندہ دنوں میں سلسلہ تیز ہو جائے گا۔ ہم روزانہ چمن بارڈر سے 10 ہزار افغان باشندوں کو واپس بھیج رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن