لاہور(نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام یوم اقبال کی تقریب انتخابی مہم میں تبدیل ہو گئی۔پیکو روڈ پرتقریب کا اہتمام پیپلز پارٹی کے پی پی 142مانوالہ سے امیدوار رانا رضوان نے کیا تھا۔جس میں علاقے کے نوجوانوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ہال پیپلز پارٹی کے نعروں اور وزیر اعظم بلاول بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا اور شرکاءنے جرا¿ت ہے ہماری، زرداری،شیروں کا شکاری زرداری،طاقت ہے۔ ہماری زرداری کے نعرے لگائے جبکہ نوجوانوں نے پیپلز پارٹی کے ترانوں پر پارٹی جھنڈوں کےساتھ بھنگڑے ڈالے۔تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا کہ یوتھ نے اپنے جوش و جذبے سے اس تقریب کو پیپلز پارٹی کا جشن بنا دیا ہے۔علامہ اقبال کی سوچ کو قائد اعظم نے مملکت کا روپ دیا۔قائد اعظم کے بعد انکے عقائد کو شہید قائد عوام نے عملی جامہ پہنایا۔ اس پر وقار اور پر جوش تقریب پر رانا رضوان اور یوتھ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بینظیر بھٹو نے وقت کے ڈکٹیٹروں کےخلاف اور جمہوریت کےلئے جدوجہد کی۔ تقریب میں فیصل میر، صداقت شیروانی، رائے اکرام،اقبال بھٹہ،شہباز درانی کے علاوہ علاقے کے نوجوان طلباءو طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔فیصل میر نے کہا کہ آنےوالے انتخابات میں چیئرمین بلاول بھٹو وزیر اعظم پاکستان بنیں گے۔ن لیگ کے سلیکٹڈ وزیر اعظم کو دوبارہ لندن بھجوائیں گے ۔تقریب کے آخر میں شاعر مشرق کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔