لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ”یومِ اقبال“ کے موقع پر شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر محمد اقبال نے کانگریسی ملاو¿ں کے تصورِ وطنیت کا بھرپور طریقے سے جواب دیا۔ علامہ محمد اقبال دو قومی نظریے کے بہت بڑے مبلغ اور عشقِ رسول کے عظیم علمبردار تھے۔ آپ کی شاعری مسلمانوں کے شاندار ماضی کی ترجمان اور روشن مستقبل کی منزل کا نشان ہے۔ شاعرِ مشرق کے پیغامِ عشق رسول نے مشرق و مغرب میں بیداری پیدا کی۔ ڈاکٹر محمد اقبال نے نوجوانوں میں جذبہ خودی، عشقِ تہذیب حجازی اور استعمار سے آزادی کا جنون اجاگر کیا۔ شاعرِ مشرق نے مسلمانانِ ہند کو آزادی کیلئے کمر بستہ کرنے میں بھر پور کردار ادا کیا۔ اقبال کے معارف کی گہرائی اور افکار کی بلندی کا ادراک نہ رکھنے والا کلام اقبال کی شرح کا حقدار نہیں ہے۔ آپ مادہ پرستی کے مقابلہ میں طریقِ تصوّ±ف اور فکر ی آزاد خیالی کے مقابلہ میں فقہی اسلوب کے حامی تھے۔ فکرِ اقبال استحکامِ پاکستان اور غلبہ اسلام کی ضامن ہے۔ قوم کو”ریڈی میڈ“مفکرین کی بجائے قومی مفکر کی تعلیمات پرگامزن ہونا چاہیے۔