افکار اقبال سے نسل نو کو روشناس کرانا بنیادی ذمہ داری :ڈاکٹر تنویر قاسم

Nov 10, 2023

لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر قاسم نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی فکر ہر دور میں قابل عمل رہی ہے۔ آج بھی اگر علامہ اقبال کے درسِ عمل پیہم کو فروغ دیا جائے اور اس پر عمل پیرا ہوا جائے تو کچھ بعید نہیں کہ عصر حاضر میں موجود مسائل کا حل بھی ممکن نہ ہو سکے۔ ہر فرد کو علامہ اقبال کے درسِ عمل پیہم کو اختیار کر کے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے اقبال کے فلسفہ امن و ترقی کے موضوع پر 3 روز عالمی کانفرنس کا آخری روز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں منعقدہ اختتامی سیشن سے اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اقبال کومصور پاکستان تو مانا جاتا ہے لیکن ان کے افکار پر عمل نہیں کیا جاتا۔ بعض حلقے آج اقبال کو معاشرے سے غیر متعلقہ کرنے کی کوشش میں ہیں جبکہ اقبال کی تعلیمات آفاقی ہیں انھیں ہر دور میں اپنا کر مسلمان اپنی ملت کی ترقی کی جانب گامزن ہوسکتے ہیں۔ افکار اقبال سے نوجوان نسل کو روشناس کرانا تعلیمی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور 3 روزہ کانفرنس کی سفارشات دیگر تعلیمی اداروں کو بھی ارسال کی جانی چاہیے۔ کانفرنس میں ڈائریکٹر ایران کلچر لاہور روہناس جعفر، وائس چانسلر ایل سی ڈبلیو یو ڈاکٹر شگفتہ ناز،وائس چانسلر ہوم اکنامکس یونیورسٹی ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی ،پرنسپل سول لائن کالج اختر سندھو، مندوبین، فیکلٹی اور طالبات نے شرکت کی کانفرنس کا انعقاد ایل سی ڈبلیو یو، ہوم اکنامکس اور پی ایچ ای سی کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں