ریاست ، اداروں کا کام ہی کار خیر ہونا چاہئے:صدرعارف علوی

لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹاپ 12کمپنیوں کی خدمات کا اعتراف اور خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایوان صدر اسلام آباد میں اچیومنٹ ریکگنیشن تقریب 2023 منعقد کی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے تقریب سے خطاب کیا جبکہ سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، نائب صدر عدنان خالد بٹ، لاہور چیمبر کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر محمد ہارون اروڑہ، لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، سابق عہدیداران اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور کے ہمراہ سکس بی فوڈ انڈسٹری کے سی ای او شیخ محمد طاہر انجم کو لیڈنگ اچیومنٹ شیلڈ، پاپولر گروپ کے ڈائریکٹر نوید رفیق، صادق جیلیٹن لمیٹڈ کے ڈائریکٹر ایم عمیر ارشد، لانگ پنگ ہائی ٹیک کے سائنسدان یانگ یوآنزو اور اتحاد کیمیکلز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر عبدالحئی کھتری کو ایکسیلنس اچیومنٹ شیلڈ، تارا گروپ پاکستان کے ایگزیکٹو گروپ ڈائریکٹر چوہدری مقصود احمد، سی ای او کو بلڈ ملک عبدالرشید، سی ای او حاجی محمد رائس اینڈ پراسیسنگ ملز حاجی امین اللہ، وائٹل فوڈز کے ڈائریکٹر شیخ آصف محمود، امپریسیو بائیو فارما کے ایم ڈی راجہ عبدالرحیم، سی ای او جے این جے پولیمر انڈسٹریز جنید افضل اور سی ای او فائن پیکجز ایم احتشام راشد کو ایمرجنگ اچیومنٹ شیلڈز دیں۔ سابق صدر فارق افتخار، سابق ای سی تحمینہ سعید چوہدری، سیکٹری جنرل لاہور چیمبر شاہد خلیل، لیگل ایڈوائزر لاہور چیمبر خرم عباس شیخ کو بھی اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ میرے دور صدارات میں لاہور چیمبر نے مجھے سب سے زیادہ سپورٹ کیا۔انہوں نے صدر لاہور چیمبر کی بریسٹ کینسر کی اوئیرنیس، خواتین کی امپاورمنٹ کیلئے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ مسز علوی نے اس عظیم مقصد کیلئے اپنی توانائیاں صرف کیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ریاست اور اداروں کا کام ہی کار خیر ہونا چاہئے، انکا کہنا تھا کہ ریاست کمیونٹی سے نکلتی ہے اور تاجر برادری اکھٹے ہو کر سوشل ویلفیئر اور ملکی ویلفیئر میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے صدر لاہور چیمبر کی جانب سے معاشی بحالی کیلئے دئے گئے روڈ میپ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بدحالی سب سے پہلے تاجر برادری کو متاثر کرتی ہے اور اس کے بعد اس کا اثر عوام پر آتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن