مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشتگردی جاری، ایک نوجوان شہید، 12افراد گرفتار

Nov 10, 2023

 سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے ۔ میسر احمد ڈار نامی نوجوان کو ضلع شوپیاں کے علاقے کتھوہلان میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ ادھر بھارتی فورسز اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیموں نے سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور جموں اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران کم از کم 12نوجوان گرفتار کر لیے۔ حراست میں لیے گئے افراد میں سحران بشیر، عبید نذیر، عمر امین، حذیف شبیر، ناصر فاروق شوکت بٹ اور دیگر شامل ہیں۔دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر کی ہائی کورٹ نے ایک کشمیری نوجوان کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ(پی ایس اے)کے تحت قےد کا حکم کالعدم قرار دے دیا ہے ۔ضلع کولگام کے علاقے رہپورہ کھڈوانی کے رہائشی الیاس ڈار کو مئی 2022 میں بھارت مخالف سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے کی موجودہ ابترصورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی بلاجواز کارروائیوں کیوجہ سے لوگ شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز اہلکاروںاور بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این ائی اے ، ایس آئی اے وغیرہ کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی نہ ختم ہونے والی بلاجواز کارروائیوں ، گھروں پر چھاپوں اور ملازمین، طلبائ، تاجروں، صحافیوں، وکلائ، دانشوروں اور سیاسی کارکنوں کو ڈرائے دھمکائے جانے کی وجہ سے لوگ سخت پریشانی کا شکار ہیں۔

مزیدخبریں