پاکستان جوہری تحفظ اور سلامتی کو قومی ذمہ داری سمجھتا ہے: منیر اکرم

 نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے جوہری توانائی کے پروگرام کی حفاظت کو ایک قومی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ویانا میں قائم اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی سالانہ رپورٹ پر اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جوہری تحفظ اور سلامتی سے متعلق متعدد سرکردہ بین الاقوامی آلات کا فریق ہے جس میں سختی سے نافذ کردہ فریم ورک ہے۔سول نیوکلیئر تعاون تک مساوی اور غیر امتیازی رسائی حاصل کرنے کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے کی بنیادی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ تمام ریاستوں کو اپنی حفاظتی ذمہ داریوں کی مکمل تعمیل کرنی چاہیے ،تاہم ا دارے کے تحفظات کو متعصبانہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔حالیہ پیش رفت کی روشنی میں انہوں نے تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاو¿ پر ایک نیا اتفاق رائے قائم کرنے کے لیے جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی جو موجودہ اور ابھرتی ہوئی حقیقتوں کو بہتر طریقے سے حل کرے اور تمام ریاستوں( بڑی اور چھوٹی )کو یکساں تحفظ فراہم کرے۔انہوں نےکہا کہ اس نئے اتفاق رائے کو عدم پھیلاو¿ کے موجودہ انتظامات میں موجود امتیازی سلوک اور دوہرے معیار کو ختم کرنا چاہیے اور ریاستوں کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق اور غیر امتیازی بنیادوں پر مناسب بین الاقوامی تحفظات کے تحت پرامن جوہری توانائی کے فروغ کے لیے ایک فریم ورک قائم کرنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن