پاک چین دوستی اور مختلف شعبوں میں تعاون مثالی ہے، ایس ایم تنویر

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک اور صوبائی وزیرزراعت پنجاب ایس ایم تنویرنے جمعرات کو زرعی یونیورسٹی کادورہ کیا اور سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز آڈیٹوریم میں چائنہ پاکستان زرعی فورم میں شرکت کی۔اس موقع پروائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اقرار احمدخان ،چائنیز پارٹی سیکرٹری ڈاکٹر چینگ، ریسرچ سنٹرز، ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی سمیت ملک بھر سے زرعی ماہرین،اساتذہ، محکمہ زراعت کے افسران اور طلبانے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے کہا کہ پاک چین دوستی اور مختلف شعبہ جات میں تعاون مثالی ہے جبکہ زرعی یونیورسٹی کا چین کے ساتھ سٹوڈنٹ ایکسچینج معاہدہ بھی انتہائی خوش آئند ہے جس سے ایک دوسرے کے تجربات، مہارتوں، جدید ٹیکنالوجی، عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق اور زراعت سمیت دیگر شعبہ جات کی ترقی کے عوامل کو سمجھنے اور ان سے استفادہ میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گندم بڑھا مہم سے امید ہے کہ گندم کی اگلی پیداوار بڑھے گی۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ ہم تمام فصلوں کی پیداوار بڑھانے پر کام کررہے ہیں تاکہ ہم نہ صرف زرعی ملک ہونے کے ناطے اپنی پیداوار بڑھاتے ہوئے ملکی غذائی اجناس کی ضروریات کو پورا کرسکیں بلکہ ہر سال اربوں روپے کے ککنگ آئل، دالوں اور دیگر اجناس کی درآمد روک کر اربوں ڈالر سالانہ کا زرمبادلہ بھی بچاسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ماہرین کی کمی نہیں لیکن ان سے استفادہ نہیں کیا گیاحالانکہ اللہ پاک نے ہمیں ہر طرح کے موسموں سے نوازا اور ہمارے پاس دنیا کا بہترین نہری نظام اور باصلاحیت کسان بھی موجود ہے مگر ماضی میں اس سے اس طرح استفادہ نہیں کیا گیا جس طرح ضرورت تھی اور اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہمیں کوکنگ آئل سمیت دیگر غذائی اجناس باہر سے ڈالرز میں درآمد کرنا پڑتی ہیں اور آئے روز ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھا سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن