لاہور(کامرس رپورٹر) سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب نے سیلیسٹیا آئی ٹی ٹاور کی تعمیر میں نمایاں پیش رفت کی ہے جو کہ سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ یہ جدید تعمیراتی شاہکار پنجاب کو پاکستان میں ٹیکنالوجی اور جدت کا ایک اہم مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ چار تہہ خانوں میں سے تہہ خانہ چار کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، جبکہ تہہ خانہ 3 کا 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ یہ سنگِ میل سیلیسٹیا آئی ٹی ٹاور کی تکمیل کی جانب ایک نمایاں قدم ہے جس کا مقصد آئی ٹی کمپنیوں کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنا ہے تاکہ پنجاب کی ٹیک انڈسٹری میں جدت اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کے دورے کے دوران سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او، عمران امین نے سیلیسٹیا آئی ٹی ٹاور کی تعمیر کے کام کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہیں منصوبے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا اور تعمیراتی معیار اور وقت کے شیڈول کو برقرار رکھنے کی حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔