کوئٹہ واقعہ کی مذمت‘دہشتگرد انسانیت کے دشمن‘جانوروں سے بدتر ہیں: مخدوم احمد محمود 

Nov 10, 2024

لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدرسابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے ہولناک واقعہ کی شدیدمذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گرد اب اپنے بے گناہ اہداف میں عوام، مزدور، بچے اور خواتین کو شامل کر رہے ہیں،جو ان کے جاہلانہ اور بزدلانہ عزائم کا واضح ثبوت ہے۔ایسے دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، یہ انسانیت کے دشمن ہیں اور جانوروں سے بھی بدتر ہیں۔ معصوم، نہتے لوگوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔ ریاست کو ان دہشت گردوں کے خلاف فوری طور پر موثر کارروائی کرنی چاہئے،تاکہ ان بزدلانہ حملوں کا سلسلہ ختم ہو سکے۔انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہداء  کے درجات بلند فرمائے۔ ساتھ ہی انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا بھی کی۔

مزیدخبریں