لاہور (لیڈی رپورٹر ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے 147ویں یوم پیدائش کے موقع پر وفد کے ہمراہ مزار اقبال پر حاضری دی۔ انہوں نے علامہ اقبال کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ڈاکٹر شاہد منیر نے شاعر مشرق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی تعلیمات ہمیں آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتی ہیں اور ہمیں چاہیے کہ ہم ان کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔وائس چانسلر نے اس موقع پر ملکی سلامتی و ترقی کے لئے خصوصی دعا کی اور علامہ اقبال کی مغفرت کے لئے بھی دعا کی۔ انہوں نے مزار اقبال پر موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔اس موقع پر یو ای ٹی کے تمام ڈینز، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر حیات، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن پی ایچ ای سی ڈاکٹر تنویر قاسم، رجسٹرار محمد آصف، کنوینر ایڈمیشن کمیٹی اور صدر ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر امجد بھی موجود تھے۔