سندر (نامہ نگار) رائیونڈ سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلہ کا اختتام آج صبح مولانا عبیداللہ خورشید کے بیان کے بعد مولانا ابراہیم دیولہ کی دعا سے ہو گا جس میں لاہور سمیت رائیونڈ کی مقامی آبادی کی بھی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ اجتماع کے تیسرے روز اللہ تعالی کی ذات اقدس پر ایمان رکھنے والے اور ہمارے نبیؐ کا مقام ہمیشہ بلند تصور کرنے اور امر باالمعروف نہی عن المنکر کرنے والے لاکھوں مندوبین کی رائیونڈ آمد پنڈال میں آمد اور ہر طرف سے اللہ اکبر اور توبہ توبہ کی صدائیں گونجتی رہیں۔ تیسرے روز مولانا ابراہیم دیولہ، مولانا زبیر الحسن، مولانا حاجی ربیع الحق، مولانا بھائی فارق جان نے اپنے خطابات میں کہا اللہ تعالی نے انسان کو خود مختار بنا کر اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا کیا یہ میری مانتا ہے یا غیروں کی پیروی کرتا ہے۔ اگر میری مان کر چلے گا تو راحت ہی راحت ملے گی، اگر غیروں کی تقلید کی تو دنیا اور آخرت میں ناکام ہو گا۔ پاکستان والو سن لو پاکستان کے لوگ پیسہ کمانے کیلئے باہر غیر ملکوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ پورے دنیا کے لوگ دین سیکھنے کیلئے رائیونڈ آتے ہیں۔ ہم اس نعمت سے محروم کیوں ہیں اس پر غور کریں، دعوت تبلیغ ایک عظیم اللہ شان کام ہے، اللہ کا پیغام نہ پھیلایا تو قیامت کے دن ہمارے پاس کوئی حجت نہ ہو گی سارے دنیا کے انسان جہنم سے بچ جائیں اور جنت والے بن جائیں ایک مولانا الیاس صاحب کے فکر سے پوری دنیا میں لوگوں کا اسلام میں داخل ہونے کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔ حدیث پاک کا مفہوم ہے آپؐ حضرت علیؓ سے ارشاد فرماتے ہیں اے علیؓ اگر آپ کی وجہ سے ایک شخص کو اللہ پاک ہدایت کریں تو آپ کے لیے سرخ اونٹوں سے زیادہ بہتر ہے، اللہ پاک ہم سب کو اس مبارک محنت کے لیے قبول فرمائے آمین، انہوں اپنے بیان میں کہا کہ دین متین کی محنت کو سیکھنے اور ساری امت کو اس نیک راستے پر لانے میں دن رات شہر شہر گلی گلی اللہ کا پیغام پہنچانے میں دن رات مشغول رہنے والوں کی اللہ رب العزت قربانیوں کو قبول فرمائے سارے عالم میں ہدایت کا زریعہ بنانے والوں کے لیئے اللہ تعالی کا پیغام ہے کہ یہ نبیوں اور پیغمبروں کا راستہ ہے، اس کو مضبوطی سے تھام لو اسی میں ہم سب کی نجات ہے واضع رہے کہ چین، امریکہ، یورپ، کنیڈہ، انگلینڈ، بنگلادیش، فرانس، عرب ممالک، افریقہ کے عالمی شوریٰ تبلیغی جماعت کے اکابر علماء اور باقی دنیا کے اکابرین بخیر و عافیت رائیونڈ عالمی اجتماع گاہ حویلی میں قیام پذیر ہیں۔ آج صبح تبلیغی مرکز سے فارغ ہونے والے طلبہ اور طالبات کے اجتماعی نکاح ہونگے اور دینی تعلیم سے فارغ طلبہ کی دستار بندی بھی کرائی جائے گی۔ دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے اجتماع کے شرکاء کے انخلاء کے لئے سپیشل روٹ پلان تشکیل دے دیا گیا۔
رائیونڈ اجتماع، آج دعا: اللہ کا پیغام نہ پھیلایا تو قیامت کے دن کوئی حجت نہ ہوگی، علماء
Nov 10, 2024