اسلام آباد(آ ئی این پی)پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کے دم پر رہا ہوں گے ،کوئی ہماری مدد کو نہیں آئے گا، اپنی جنگ خود ہی لڑنی پڑتی ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگررہا ہوں گے تو قوم کے دم پر ہوں گے، عمران خان نے کسی کال سے متعلق کوئی بات نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کی بات اہم ہے، زلفی بخاری اور شہبازگل کی نہیں، ہم یہ امید کرتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے سے حالات بہترہوں گے۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ سیاست میں سارے کارڈ نہیں دکھائے جاتے،عطا تارڑکی بات کا جواب تب دوں گا جب جیت کرآئیں گے، عطا تارڑاوران کی لیڈرشپ فارم 47سے آئے ہیں۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ علیمہ آپا کی کسی بات پرکمنٹ نہیں کروں گا، علیمہ آپا کو گلا کرنے کا حق ہے، بشری بی بی، علیمہ آپا کا سیاست سے تعلق نہیں جبکہ فواد چودھری کی پارٹی میں واپسی کا فیصلہ عمران خان کریں گے، فواد چودھری کے بھائی لیگل ٹیم کا حصہ ہے۔ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ لیگل ٹیم بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق کوشش کررہی ہے۔