یوکرائن  ،غزہ جنگ  خاتمے کے لیے ٹرمپ پر اعتماد کو تیارہیں:طیب اردگان 

Nov 10, 2024

انقرہ (این این آئی )ترکیہ کے صدر طیب ایردوآن نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آنے والی انتظامیہ کے بارے میں اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وہ یوکرائن اور مشرق وسطی کی جنگوں کا خاتمہ کرنے میں مدد دے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طیب ایردوآن نے اس اعتماد کا اظہار امریکی صدر کی جیت کے اعلان کے ایک روز بعد بڈاپسٹ میں کانفرنس میں شرکت کے بعد واپسی پر کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے 5 نومبر کے صدارتی انتخاب میں فیصلہ کن اور تاریخ سازکامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا ' اگر امریکی انتظامیہ کو ہم اس اپروچ یا طرز فکر کی حامل دیکھتے ہیں کہ وہ ایشوکو حل کرنا چاہتی ہے تو ہم جنگ کے بآسانی ختم ہونے کی صورت دیکھ سکتے ہیں۔ ترکیہ کے خبر رساں ادارے 'اناطولو' کے مطابق صدر طیب ایردوآن دوران پرواز اپنے طیارے میں رپورٹرز سے گفتگو کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ زیادہ ہتھیار، زیادہ بم چلائے جائیں گے تو یہ آسان نہیں ہوگا کہ کوئی بھی جنگ خاتمے کی طرف بڑھ سکے۔ سفارت کاری اور مکالمے کے ذریعے ہی امن کا دروازہ کھل سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہم اپنے ذاتی رابطوں کے ذریعے ان چیزوں کو ممکن بنا سکیں گے۔ ان کا اصرار تھا کہ انہیں اس سلسلے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی گی۔ جیسا کہ انہیں ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں ٹرمپ سے کمیونیکشن میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا تھا۔ایردوآن نے کہا کہ ہم ایک دن میں چوبیس گھنٹے تک آپس میں رابطے میں رہے۔ تاکہ سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کا حل نکال سکیں۔

مزیدخبریں