کل  نیا بل آرہا،  90روز کیلئے کسی کو بھی اٹھایاجاسکے گا،سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے انکشاف کیا ہے کہ  پیر کو کو ایک اور بل لایا جارہا ہے جس میں 90 روز کیلئے کسی کو بھی اٹھایاجاسکے گا، ملک میں اس وقت مسلسل فسطائیت کا راج ہے، عوام کو اٹھنا ہوگا،پارلیمان نے ہاتھ کاٹ جمہوریت مخالف قوتوں کے حوالے کردیئے ہیں، عدلیہ کو آئین میں ترمیم کرکے مفلوج کردیا گیا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہاتھ کاٹ کر ان قوتوں کے حوالے دیئے جو ہمیشہ جمہوریت کے خلاف رہی ہیں، عدلیہ کو آئین میں ترمیم کرکے مفلوج کردیا گیا، پھر سپریم کورٹ میں 17 آسامیاں پیدا کی گئیں تاکہ مرضی کے ججز لگائے جاسکیں۔اب کسی کو بھی سڑک سے اٹھا کر سپریم کورٹ کا جج لگایا جاسکتا ہے، آپ چاہتے ہیں ججز وہی فیصلے کریں جو ان کو کہا جائے،اب ملک میں کوئی محفوظ نہیں ہے، یہاں نہ کوئی قانون ہے اور نہ عدالت ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کو غیرمئوثر کردیا گیا، پارلیمان جھوٹ کی بنیاد پرکھڑی ہے۔سوموار کو ایک اور بل پیش کیا جارہا ہے کہ 90روز کیلئے کسی کو بھی اٹھایاجاسکتا ہے، ملک میں مسلسل فسطائیت کا راج ہے، اس کیخلاف عوام کو اٹھنا ہوگا۔ہماری امید کہ عوام ، وکلا اور صحافیوں میں غیرت ابھی باقی ہے، یہ حملہ پی ٹی آئی پر نہیں بلکہ ہر کسی پر حملہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہم پارٹی کی سطح پر احتجاج کررہے تھے اب عوام کو نکلنا ہوگا۔قوموں کی زندگی میں ایک لمحہ ہوتا ہے جب پوری عوام کو باہر نکلنا ہوگا۔اگر قوم نے فسطائیت کو اپنانا ہے تو اپنائے۔

ای پیپر دی نیشن