مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس‘ ایڈووکیٹ جنرل سموگ اقدامات سے آگاہ کریں گے

Nov 10, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سینئر وزیر  مریم اورنگزیب کی صدارت میں سموگ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حکومت پنجاب کے مکمل اختیار کے ساتھ لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے اور عدالت کو آگاہ کریں گے کہ حکومت سموگ مٹیگیشن آرڈرز پر فوری اور مؤثر طریقے سے عملدرآمد کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ  لاہور ہائیکورٹ کو سموگ ڈوزئیر بھی پیش کیا جائے گا۔ کچہری کے قریب ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے صوبائی وزیر قانون، سیکرٹری قانون، ڈی سی لاہور اور سی ٹی او بار ایسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ کمشنر لاہور، ٹیپا اور سی ٹی او ان 11 ٹریفک ہاٹ سپاٹس پر کام کریں گے، جن کا انہوں نے اس سے قبل اپنے سابقہ پلان میں ذکر کیا ہے۔ اس پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔ کمشنر لاہور کی زیر نگرانی سی ٹی او لاہور اور ضلعی انتظامیہ لاہور کی ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی موومنٹ کے لئے ٹھوس پلان تیار کرے گی۔ صوبائی سیکرٹری تحفظ ماحول کچہری چوک کا معاملہ عدالت میں بھی اٹھائیں گے۔ عدالتی احکامات کے مطابق دکانیں اور کاروباری مراکز بند کئے جائیں گے۔ کمشنر آفس دکانوں کے اوقات اور بند ہونے کے حوالے سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لیے مکمل پلان دے گا۔ سٹی ٹریفک پولیس سڑکوں پر لازمی طور پر ماسک پہننے کی پابندی  کو نافذ کرے گی۔ پنجاب سیف سٹی کے کیمرے اس سلسلے میں مدد فراہم کریں گے۔ بازاروں میں دکاندار ماسک پہنیں گے اور شہریوں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں گے۔ سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر  زیر تعمیر عمارتوں کے مقامات  سے اٹھنے والی دھول کے بارے میں ایس او پیز کو صحیح معنوں میں لاگو کیا جائے گا۔ سیکرٹری تحفظ ماحول ملتان میں کلاؤڈ سیڈنگ کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔

مزیدخبریں