نئی دہلی‘ لندن (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے حکومت سے کلیئرنس نہ ملنے پر ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے منع کیا ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے تین وینوز پر اگلے سال 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈولڈ ہے، جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ کرکٹ ویب سائٹ اس بات کا امکان بھی ظاہر کر رہی ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہو سکتے ہیں۔ بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے کہا معاملہ بی سی سی آئی کے ہاتھ میں نہیں بلکہ بھارت حکومت کے ہاتھ میں تھا۔ راشد لطیف بولے اگر سکیورٹی کا بہانہ بنائیں گے تو ان کے پاس ٹھوس حقائق نہیں ہیں۔