اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کمپرومائزڈ ہیں اور بانی پی ٹی آئی ان پر امید لگائے بیٹھے ہیں۔ علی امین گنڈا پور دو مرتبہ اسلام آباد پر حملہ آور ہوا تو دونوں بار غائب ہوا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پتا ہے یہ کمپرومائزڈ ہے۔ بانی کی مرضی سے کمپرومائزڈ ہے۔ علی امین گنڈا پور یہ ساری دو نمبری بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے کر رہا ہے۔ یہ ایک چال بننے کی کوشش کر رہے ہیں ان کی دانست میں شاید ایسے رہائی ہو سکتی ہے۔ خیبر پی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی ملک میں عدم استحکام کیلئے کی جا رہی ہے۔ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کے لئے استعمال ہوتی ہے۔ افغان حکومت کو ان عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرنا پڑیں گے۔ پی ٹی آئی میں کچھ لوگ 50 فیصد کچھ لوگ 25 فیصد کمپرومائزڈ ہیں۔ مونچھوں کو تاؤ دیکر سر پر سفید کپڑا باندھ لیا یہ ساری رنگ بازی ہے یہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانے کیلئے علی امین گنڈا پور کے اعلانات ’’بڑھکیں‘‘ ہیں، اس احتجاجی کال سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، بھارت کے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہ آنے کی خبروں پر کہا کہ بھارت اس وقت پاکستان کے ساتھ بالواسطیہ جنگ کی حالت میں ہے، اس معاملے پر بھارت کو سخت ردعمل دینے کے حق میں ہوں۔
گنڈا پور 2 بار اسلام آباد پر حملہ آور ہوا پھر غائب ہو گیا، کمپرومائزڈ شخص ہے: خواجہ آصف
Nov 10, 2024