ایک جماعت کا کہنا ہے ٹرمپ بانی کو رہا کرائے گا‘ ایسا نہیں ہو گا: احسن اقبال

Nov 10, 2024

 لاہور (نیوز رپورٹر + لیڈی رپورٹر) وفاقی وزیر پلاننگ کمشن احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم جلد پانچ سالہ معاشی منصوبہ بندی کا اعلان کرنے والے ہیں۔ پی آئی اے آج جس نہج پر پہنچا ہے وہ تحریک انصاف حکومت کے جھوٹے پراپیگنڈے کا شاخسانہ ہے۔ چھبسویں آئینی ترمیم نے عدلیہ کے لئے سیاست تنازعات میں گھسنے کا دروازہ بند کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوشن آف انجنیئرز پاکستان کے زیراہتمام  لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل آئی ای پی انجنیئر امیر ضمیر خان نے لیپ ٹاپ تقسیم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ احسن اقبال نے کہا بجلی سستی ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، پی آئی اے کی نجکاری میں ابھی کامیابی نہیں ملی دوبارہ کوشش کریں گے لیکن آج یہ جس نہج پر پہنچا ہے اس میں تحریک انصاف کی حکومت کا جھوٹا پروپیگنڈا بھی شامل ہے۔ ٹرمپ کی کامیابی ان کی عوام کا فیصلہ ہے لیکن ایک سیاسی جماعت امید لگا کر بیٹھی ہے کہ حلف لینے کے بعد وہ ان کو جیل سے رہائی دلوائے گا۔ ایسا نہیں ہو گا، دریں اثناء احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے تعلیم کے میدان میں آگے ہونا بہت ضروری ہے، آج ہمیں علامہ اقبال کی کہی ہوئی باتوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ علم اور تحقیق کے بغیر کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم اقبال کی مناسبت سے پنجاب یونیورسٹی لاہور میں’’قومی ترقی کا سفر، فکر اقبال کی روشنی میں"کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے تعلیم بہت ضروری ہے، علم کی سیڑھی سے بہتر کوئی سیڑھی نہیں، نارووال میں یونیورسٹیوں کا قیام یقینی بنایا تاکہ وہاں کے بچے تعلیم یافتہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ علم کی طاقت سے امریکہ آج سپر پاور ہے، آج امریکا سپر پاور اس لئے نہیں کہ اس کے پاس اسلحے کا ڈھیر ہے بلکہ وہاں کی لائبریریوں میں ہر وقت لوگ علم کی تلاش میں مصروف ہیں، وہاں یونیورسٹیوں میں ہر وقت نئی تحقیق پر کام جاری ہے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم موضوع پر تقریب کا انعقاد کیا۔

مزیدخبریں