لاہور (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی آلودہ ہواؤں نے پورے پاکستان کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ملتان مسلسل دوسرے دن ملک کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا۔ ائیر کوالٹی انڈکس 1300 کو چھو کر بعد میں 700 تک آیا ۔دوسرے نمبر پر لاہور 467 ‘ پشاور 392 کے ساتھ تیسرے اور راولپنڈی 254 سکور کے ساتھ چوتھا آلودہ ترین شہر رہا۔ اسلام آباد پانچواں جبکہ کراچی ملک کا آٹھواں آلودہ ترین شہر رہا۔ فضائی آلودگی سے پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے۔ موٹر وے ایم فائیو شیرشاہ سے جھانگڑہ تک اور لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے۔ سموگ اور انتظامی مسائل کے باعث 6 پروازیں منسوخ اور29 تاخیر شکار ہو گئیں۔ لاہور میں لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں۔ صرف گلاب دیوی ہسپتال میں ناک، کان، گلے، آنکھ اور سینے کے مریضوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے۔ ادھر پنجاب حکومت نے لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق11 اور 12 نومبر کو مصنوعی بارش کا پہلا ٹرائل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ یہ اقدام سموگ کے باعث بڑھتی ہوئی بیماریوں اور ماحولیاتی خطرات کو کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ سیکرٹری ماحولیات راجا جہانگیر انور نے بتایا کہ مصنوعی بارش کیلئے ضروری ٹیکنالوجی آرمی ایوی ایشن نے تیار کی ہے اور مناسب موسم ہونے کی صورت میں مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ کیا جائے گا۔