دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تعاون کرینگے، پیوٹن: امریکہ، برطانیہ، ایران، ترکیہ کی بھی مذمت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن دھماکے پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ کارروائیاں تقسیم کے بیج بونے کے سوا کچھ نہیں کرتیں۔ انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں آج ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ میری ہمدردیاں دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ برطانیہ دہشت گردی کی مذمت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ علاوہ ازیں ترکیہ نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترکی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جد و جہد میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ریلوے سٹیشن پر دہشت گرد حملے کی مذت کرتے ہیں۔ شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ پاکستان کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ امریکہ نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔ پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ ریلوے سٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہیں۔ دھماکے کے متاثرین اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علاوہ ازیں ملائشیا کے وزیراعظم انوار ابراہیم نے بھی صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے نام پیغام میں حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔ دریں اثناء روسی صدر پیوٹن نے وزیراعظم شہباز شریف‘ صدر زرداری سے تعزیت کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ہر قسم کا تعاون کرینگے۔ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دہشت گردانہ حملے کے بعد صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو ایک خط میں  روس کے صدر  نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہریوں کی جانیں گئیں اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔ انہوں نے اس وحشیانہ واقعہ کی شدید مذمت کی اور ذمہ داروں کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ روس کی یکجہتی پر زور دیا، انتہا پسندی سے نمٹنے اور شہریوں کو پرتشدد کارروائیوں سے بچانے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے روس کے عزم کا اعادہ کیا۔ ولادی میر پیوٹن نے لکھا کہ ہم دہشت گردی کی تمام شکلوں  کے خلاف اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس طرح کے گھنانے جرائم کے خلاف جنگ میں مدد کے لیے روس کے عزم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ حملے کے ماسٹر مائنڈز کو سزا دی جائے گی۔ علاوہ ازیں ایران نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔ ایرانی سفیر نے بیان میں کہا کہ ایران کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ دہشت گردی پورے خطے کیلئے مشترکہ خطرہ ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے علاقائی اور اجتماعی تعاون کی ضرورت ہے۔ روس نے بھی ریلوے سٹیشن دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ روس کے سفارتخانے نے مذمتی بیان میں کہا کہ سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ترجمان نے کہا تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ دہشت گردی کو ختم کرنا ضروری ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن