یوم اقبال عقیدت و احترام سے منایا گیا، مزار پر گارڈز تبدیلی کی تقریب

Nov 10, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے) مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کا 147 واں یومِ ولادت ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزارِ اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کی گئی۔ پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اظہر محمود نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ ریئر ایڈمرل اظہر محمود گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ مزار پر اپنے فرائض سے سبکدوش ہو کر رخصت ہو گیا۔ مزار پر امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسروں، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ جی او سی لاہور میجر جنرل راؤ عمران سرتاج کی جانب سے بھی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا اور قائد اعظم نے یہ خواب حقیقت میں بدلا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال نے  اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو جد و جہد کی راہ دکھائی۔

مزیدخبریں