لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی نوجوانوں کی ترقی کے لئے لینڈ آف آپرچیونٹی ثابت ہو گا۔ نواز شریف آئی ٹی کے سٹی میں عالمی آئی ٹی ادارے اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے عالمی ہفتہ برائے سائنس اور امن کے آغاز پر پیغام میں کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی ترقی کا ذریعہ اور پرامن و خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ ترقی کا راز سائنس اور ٹیکنالوجی میں پنہاں ہے۔ نوجوانوں کو خود روزگار کے لئے انٹرنیشنل جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے عین مطابق جدید آئی ٹی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ فری لانسرز کے پروفیشنل پوٹینشل کو مزید مفید بنانے کے لئے انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ تعلیم ہو، صحت ہو یا زراعت پنجاب حکومت ہر شعبے میں آئی ٹی بیسڈ ریفارمز لا رہی ہے۔ پانچ سال میں ہر سیکٹر کو ڈیجیٹل بنانے کے عزم پر عمل پیرا ہیں۔ یوم اقبال پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’’میں اس کا بندہ بنوں گا…… جس کو خدا کے بندوں سے پیار ہو گا‘‘۔ عظیم مفکر اور شاعر علامہ اقبال کی فکر و بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قیام پاکستان کیلئے شاعر مشرق کی فکری خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ نسل نو کے لئے شاعر مشرق کا پیغام خودی اور بیداری ہے۔ نوجوان نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانا بے حد ضروری ہے۔ شکوہ اور جواب شکوہ علامہ اقبال کی لازوال تخلیقات ہیں۔ علامہ اقبال کی شاعری اردو زبان پرلازوال احسان ہے، فارسی کلام بھی اپنی مثال آپ ہے۔کلام اقبال کو تعلیمی نصاب کا زیادہ سے زیادہ حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ شاعر مشرق کی فکر کو اپنانے اورپاکستان کو سربلندکرنے کا عہد کرتے ہیں۔ شاعر مشرق کی فکر اورسوچ کے مطابق پنجاب کے دہقان کو خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ’’ہو میرا کام غریبوں کی حمایت کرنا ……دردمندوں سے ضعیفوں سے محبت کرنا‘‘پسندیدہ اشعار میں شامل ہیں۔’’میرے اللہ برائی سے بچانا مجھ کو ……نیک جوراہ ہو، اس رہ پہ چلانا مجھ کو‘‘بچوں کیلئے میری دعا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں خواتین اور بچوں پر حملہ کرنے والے بزدل دہشت گرد انجام کو ضرور پہنچیں گے۔