اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا کردار اہم ہے۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے انفارمیشن گروپ کے 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران نے وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ پروبیشنری افسران اپنی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد وزارت کے مختلف اداروں میں تعیناتی کے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ‘ وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ وزیر اعظم نے افسران کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم نے دور حاضر کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے میڈیا کے منظر نامے میں مثر ابلاغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کی حوصلہ افزائی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی بہبود کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ ادا کریں گے۔ انہوں نے پروبیشنری افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت کو بڑھانے کے لیے جدید مواصلاتی آلات کو بروئے کار لانے کے لیے سرگرم رہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈپلومیٹک انکلیو میں "کیس کیڈ" پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جدید سہولتوں سے آراستہ خدمت مرکز کے قیام کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کے اقدام کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، خدمت مرکز میں سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس ویریفکیشن، گمشدگی رپورٹ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، فارنرز رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، والنٹیئرز رجسٹریشن، گاڑیوں کی ویریفکیشن اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو سہولتوں کے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔